03-Apr-2022 مزاحیہ غزل
مزاحیہ غزل
مجھے اس پر اسے مجھ پر فدا ہونے کی جلدی ہے
فدا ہوجائیں تو پھر بے وفا ہونے کی جلدی ہے
کسی کو بندہ پرور بندگی اچھی نہیں لگتی
سبھی بندوں کو دنیا میں خدا ہونے کی جلدی ہے
کوئی کم عمر مل جائے، کوئی ہم عمر مل جائے
پرانے سارے بڈھوں کو نیا ہونے کی جلدی ہے
پڑے ہیں آج کوڑے میں سیاسی رہنما سارے
سبھی بھٹکے ہوؤں کو رہنما ہونے کی جلدی ہے
ہمارا آپ کا بس اس کو پھیلانے کا ذمہ ہے
دہی کو آج خود ہی رائتہ ہونے کی جلدی ہے
سیاست میں گدھے پن کو ملے ہیں مرتبے جب سے
نہیں ہے جو گدھا اس اکو گدھا ہونے کی جلدی ہے
نوازش جوکروں پر ہو رہی ہے اہل اردو کی
مجھے بھی اس لئے اب مسخرہ ہونے کی جلدی ہے
بدلنا چاہتا ہے ہر کوئی حسب و نسب اپنا
مربع جو ہے اس کو دائرہ ہونے کی جلدی ہے
یہاں ہونے لگی جب سے برائی کی پزیرائی
یہاں کے سارے اچھوں کو برا ہونے کی جلدی ہے
بیوٹی پارلر میں روز دو گھنٹے لگاتی ہے
ہماری جان کو جان ادا ہونے کی جلدی ہے
سنا ہے شاعرہ دلی کی امریکہ گئی جب سے
یہاں کچھ شاعروں کو شاعرہ ہونے کی جلدی ہے
احمد علوی